ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کسان تحریک کا 31واں دن۔ مودی حکومت کوزبردست جھٹکا، اکالی دل کے بعدRLP نے بھی چھوڑا NDA کا ساتھ

کسان تحریک کا 31واں دن۔ مودی حکومت کوزبردست جھٹکا، اکالی دل کے بعدRLP نے بھی چھوڑا NDA کا ساتھ

Sun, 27 Dec 2020 10:13:50    S.O. News Service

نئی دہلی،26دسمبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) نئے زرعی قوانین کے خلاف جہاں کسانوں کی تحریک میں شدت اور وسعت پیداہورہی ہے وہیں اب اس کی مخالفت این ڈی اے کے اندر بھی تیز ہوگئی ہے۔

اکالی دل کے اتحاد چھوڑنے کے 3 ماہ بعدایک اور اتحادی، راشٹریہ لوک تانترک پارٹی (آر ایل پی) این ڈی اے سے الگ ہوگئی ہے۔ زرعی قوانین کی مخالفت کررہے ہنومان بینیوال کی پارٹی راشٹریہ لوک تانترک پارٹی نے این ڈی اے سے اتحاد توڑنے کا اعلان کیا ہے۔ اس بات کی جانکاری خود ہنومان بینیوال نے ہفتہ کو دی۔

اس خبر نے مودی کی قیادت والی بی جے پی حکومت کو بیک فٹ پر کھڑاکردیاہے۔ غور طلب ہے کہ ہنومان بینیوال مسلسل نئے زرعی قوانین کی مخالفت کررہے ہیں اور وہ کسانوں کی حمایت کرنے کیلئے جے پور سے دہلی بھی کوچ کرچکے ہیں۔ ناگور سے ممبر پارلیمان نے کہا کہ ہم کسی بھی ایسی پارٹی یا شخص کے ساتھ نہیں ہیں جو کسانوں کے خلاف ہو۔ الور میں کسانوں کو خطاب کرتے ہوئے بینیوال نے کہا کہ زرعی قوانین کسانوں کا حق چھیننے کی ایک کوشش ہے اور ہم اس کا کبھی ساتھ نہیں دیں گے۔اس سے پہلے پارٹی کنوینر ہنومان بینیوال نے کہا تھا کہ ملک کا ان داتا سخت ٹھنڈ میں سڑکوں پر بیٹھا ہے۔ ایسے میں مرکزی حکومت کو کسانوں کا دل رکھتے ہوئے تینوں زرعی قوانین کو واپس لے لینا چاہئے۔

ہفتہ کو دہلی کوچ کرنے سے پہلے بینیوال جے پور کے دورے پر رہے، جہاں انہوں نے درجنوں قصبوں میں عوامی رابطہ کرکے کسان تحریک کی حمایت میں دہلی چلنے کی اپیل کی۔ انہوں نے الور کے کسانوں سے دہلی چلنے کی اپیل کی۔ممبر پارلیمان بینیوال نے اپنی عوامی رابطہ مہم کے دوران کہا کہ راجستھان میں جرائم عروج پر ہیں۔ مکمل کسان قرض معافی کے وعدے سے سرکار منحرف ہوگئی ہے۔ ایسے میں عوام کا بھروسہ راجستھان کی حکومت پر نہیں رہا۔ ممبر پارلیمان نے کہا کہ زرعی قوانین کو واپس لینے سے سرکار کا مثبت پیغام ملک میں جائے گا، اس لئے کسانوں کی بات سے سرکار کو متفق ہونا چاہئے۔ بینیوال نے جمعرات کو ریاستی مہامنتری شنکر لال نارولیا کو جے پور ضلع کا صدر مقرر کیا۔

ادھر دہلی کوچ کرنے کیلئے حمایت حاصل کرنے کی خاطر ممبر پارلیمنٹ بینیوال نے جے پور ضلع کے دودو، بگرو، رینوال، پھاگی، نرینا، منڈواڑا، پھلیرا، جوبنیر سمیت متعدد مقامات پر عوامی رابطہ کیا۔


Share: